پشاور: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبرپختونخوا کے گورنر غلام علی کو خط لکھ کر کے پی اسمبلی انتخابات کے لیے 14 مارچ کو حتمی مشاورت کرنے کی دعوت دی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کو ای سی پی کے سیکرٹری کی جانب سے گورنر کے پی کو خط بھیجا گیا تھا۔ ای سی پی نے خط کے ذریعے گورنر کو آئندہ ہفتے اسلام آباد میں کمیشن کے دفتر میں مشاورت کے لیے مدعو کیا۔
بدھ کو ای سی پی کے سینئر حکام اور گورنر کے پی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کوئی تاریخ طے نہیں ہو سکی۔
غلام علی نے ای سی پی حکام کو بتایا تھا کہ وہ اس موضوع پر کمیشن کے ساتھ آئندہ ہفتے ایک اور میٹنگ کریں گے۔ کے پی اسمبلی کو جنوری کے وسط میں تحلیل کر دیا گیا تھا اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات کرانے کے لیے نگراں سیٹ اپ کا اعلان کیا گیا تھا۔