لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اداروں کے احترام کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
یہ بات انہوں نے وکلاء کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔ سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے وکلاء کے وفد نے سابق نائب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن رانا نعیم سرور کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں شامل دیگر ارکان میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان شیخ ریاض احمد اور سابق جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اسد منظور بٹ بھی شامل تھے۔
چوہدری شجاعت نے پاکستان میں وکلاء کی کوششوں کو سراہا۔ وکلاء کے وفد کے ارکان نے 9 مئی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اشتعال انگیزی کی سیاست کو روکنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آہنگی اور احترام کا رشتہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پچھلی حکومتیں بڑے بڑے دعوے کرتی رہی ہیں جو کبھی پورے نہیں ہوئیں، عدالتی اصلاحات کی باتیں تو کرتی رہی ہیں لیکن ایک بھی کام نہیں ہوا۔ اس لیے عدالتوں کا جلد از جلد قیام ملک کی فلاح و بہبود کے لیے بہت ضروری ہے۔
اس موقع پر سابق گورنر چوہدری سرور نے وکلاء کے وفد کو مسلم لیگ ہاؤس میں فون پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے ایک بار پھر 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اداروں کے احترام پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ اداروں کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں صرف جھوٹے دعوؤں پر عوام کو لالی پاپ دیتے تھے، اب ماتحت عدالتوں سے ایسے نظام انصاف کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے تقدس اور احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، مزید عدالتیں قائم کی جائیں، جلد انصاف کے لیے نئے ججز کی تقرری ضروری ہے، میرٹ پر ججز کی تقرری سے انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔